محنت کشوں کو قانونی سہولیات کی فراہمی کے لیے کردار ادا کریں گے ، بخش علی مہر

216

ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سند ھ بخش علی مہر نے مزدور رہنماؤں کو یقین دلایا ہے کہ وہ اور اُن کا محکمہ محنت کشوں کی قانونی سہولیات اور مراعات کو اُن تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔وہ پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی کی قیادت میں کراچی کے صنعتی علاقہ سائٹ سے تعلق رکھنے والی مختلف فیکٹریز اور ملز کے ٹریڈ رہنماؤں کے ایک گروپ سے اپنے دفتر میں گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں ،جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ،ٹریڈ یونین رہنما ارشاد خان سواتی ،آنسہ شمائلہ بٹ اور نیک زادہ خان سواتی بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ اجلاس میں محنت کشوں کو درپیش مسائل کے حوالہ سے جو نکات اُٹھائے گئے ہیں اُن پر پوری توجہ دی جائے گی اور اُنہیں حل کروانے کے لیے آجر اور اجیر دونوں ہی کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مزدور قوانین میں متعدد اصلاحات لائی گئیں ہیں اور ہماری کوشش ہے اُن پر عملی طور پر عملدرآمد بھی کروایا جائے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار
کیا کہ مزدور تنظیمیں بھی آپس میں باہمی اعتماد کی فضاء پیدا کرکے محنت کشوں کے لیے بہتر سہولیات حاصل کرسکتی ہیں۔مزدور رہنماؤں کے وفد نے ڈائریکٹر لیبر کو آگاہ کیا کہ بیشتر اداروں میں مزدوروں کو ملازمت کے تقّرر نامہ ہی جاری نہیں کیے جاتے، اُنہیں طبّی سہولیات سے محروم رکھا جاتا ہے، حکومت کی مقرر کردہ کم ازکم ماہانہ تنخواہ بھی ادا نہیں کی جاتی جبکہ اُن سے بغیر اوور ٹائم ادائیگی 12،12 گھنٹہ یومیہ سے بھی زیادہ کام لیا جاتا ہے۔ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں ،جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔