کلبھوشن معاملے پر عالمی عدالت کے احکامات پر عمل کررہے ہیں،شاہ محمود

343
ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

ملتان ( خبرایجنسیاں )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گرفتار بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو کے معاملے پر عالمی عدالت انصاف کے احکامات پر عمل کررہے ہیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کل بھوشن کے کیس کو ن لیگ نے بگاڑا، بھارت چاہتا ہے کہ اسے کل بھوشن تک قونصلر رسائی نہ ملے، اس آڑ میں وہ پاکستان کو دوبارہ عالمی عدالت میں گھسیٹنا چاہتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امید ہے اپوزیشن ارکان بھارتی چالوں کو سمجھیں گے اور ناسمجھی کا ثبوت نہیں دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کو اڈہ دینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، امریکی سی آئی اے چیف کادورہ معمول کا تھا، اسے چھپانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شفاف احتساب چاہتے ہیں ، انتقام نہیں چاہتے ، عزتیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں ، احتساب کے عمل میں کسی کو رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے واضح کہا ہے کہ منی بجٹ کا کوئی ارادہ نہیں ، احسن اقبال نے نہ بجٹ کا مسودہ پڑھا نہ بجٹ تقریر سنی اور بیان دے دیا۔