ملک میں طوفانی بارش ،آندھی 13 افراد جاں بحق،نشیبی علاقے زیر آب

369
اسلام آباد: شدید بارش کے باعث وفاقی دارالحکومت میں نشیبی علاقے زیر آب ہیں، دوسری جانب مرکزی سڑک پر درخت گرے ہوئے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)ملک میں طوفانی بارش اور آندھی کے نتیجے میں13افراد جاں بحق ہوگئے‘نشیبی علاقے زیرآب آگئے‘گزشتہ شب کو ملک کے کئی علاقوں میں آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں 27 سے 30 جون کے دوران مزید بارشیں متوقع ہیں‘ جولائی سے ستمبر کے دوران مون سون بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی‘ مون سون ہوائیں سب سے پہلے جنوب مشرقی سندھ یعنی تھرپارکر اور اردگرد کے علاقوں میں داخل ہوں گے‘ اس بار کراچی سمیت سندھ میں معمول سے زاید بارشوں کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز آندھی نے درخت اور سائن بورڈز بھی اکھاڑ دیے‘ فیصل آباد میں سمندری روڈ پر آندھی سے فیکٹری کی دیوارگرنے سے 2 موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگئے۔خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش سے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے‘ کئی مکانات بھی شدید متاثر ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں طوفانی بارش سے 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں، مرنے والوں میں 4 افراد کا تعلق مانسہرہ اور ایک کا تورغر سے ہے۔ بلوچستان میں بارکھان کے علاقے میں موسلادھار بارش سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت ہے اور شہرکا دیہی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ضلع کوہلو میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ۔اسلام آبادکے قریب واقع تر نو ل کے علا قہ ڈھو ک عبا سی سرائے خر بو زہ میں گزشتہ رات آندھی و طوفان کے دوران دیو ار گر نے سے3 بچے جاں بحق جبکہ گھر کا سربراہ اور ایک4 سالہ بچی زخمی ہوگئی‘آزاد کشمیر میں طوفانی ژالہ باری نے تباہی مچا دی‘ انڈے کے حجم جتنے اولے گرنے کی وجہ سے گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا‘لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا‘ مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کے بعد گزشتہ رات سے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔