وفاق ہمارے وزیراعلیٰ کے خلاف سازشیں کررہا ہے،سندھ حکومت

209

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کہا ہے کہ وفاق ہمارے وزیراعلیٰ کے خلاف سازشیں کررہا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ فواد چودھری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں، فواد چودھری این ایف سی کے تحت دیے گئے فنڈز کا حساب لینے کا حق نہیں رکھتے، یہ سندھ اسمبلی کا حق ہے کہ وہ پائی پائی کا حساب لے۔ناصر حسین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے جو غیرقانونی فنڈز اپنے سندھ کے ایم پی ایز کو دیے ہیں ان کا حساب دے، وفاقی حکومت اب براہ راست اپنے ایم پی ایز کے ذریعے یونین کونسل میں کام کروا کر کرپشن کر رہی ہے، آصف زرداری کے خلاف بات کرکے فواد چودھری نوکری پکی کر رہے ہیں، سید مراد علی شاہ انتہائی کامیاب اور طاقتور وزیراعلیٰ ہیں، ان کی صلاحیتوں سے وفاق نہ صرف پریشان ہے بلکہ خوف زدہ ہے،وفاقی وزیرخود پنجاب کا وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔ شاید ربڑ اسٹیمپ اپنے سلیکٹڈ وزیراعظم کو کہہ رہے تھے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب نے غیرقانونی طور پر چشمہ جہلم کینال کھول کر سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالا، فواد چوہدری چشمہ جہلم کینال کھولنے کا جواب دیں، پانی کی نگرانی کرنا اور منصفانہ تقسیم کرنا ارسا کا کام ہے لیکن وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنا رکھا ہے، وفاقی حکومت ارسا کو کام کرنے دے اور ان کے معاملات میں ٹانگ اڑانا بند کرے۔علاوہ ازیں سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مْرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، آپ کی نااہل حکومت نے حقیقت میں عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ صوبائی ترجمان نے کہا کہ ہم نے ملک اور جمہوریت کے لیے اپنی قیادت کی قربانیاں دیں، فواد چوہدری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں، ان کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، انہوں نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جس کی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے لیے سلیکٹیڈ حکومت کی منافقانہ اور غیر منصفانہ پالیسیاں یہاں کی عوام اچھی طرح جانتے ہیں، سندھ کا پانی کسی اور نے نہیں وفاق اور پنجاب نے روکا، بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، جامشورو، گھارو اور دیگر علاقوں کی زمینیں آپ نے بنجر کیں، لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں آپ کی نااہل حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں کی بھینٹ چڑھائی گئیں، نفرت کی سیاست کرکے شیرو بریگیڈ ملکی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔