امریکا کا یوکرین کو جدید اسلحات دینے کا فیصلہ

452

پینٹاگون نے یوکرین کے لئے 150 ملین ڈالرز فوجی امداد کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق یوکرین کو دی جانے والی اس فوجی امداد میں اینٹی آرٹلری ریڈار ، الیکٹرانک جنگی سازوسامان اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی شامل ہوگی۔ امریکا کی جانب سے یہ اعلان یوکرین اور روس کے مابین بڑھتی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔

اگرچہ یہ فنڈز پہلے ہی کانگریس کے ذریعہ حتمی قرار دیے جاچکے ہیں تاہم محکمہ دفاع کے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ فوج ستمبر میں امریکی حکومت کے مالی سال کے اختتام سے پہلے یوکرین کیلئے یہ امداد جاری کردے گی۔

حالیہ امداد کا فیصلہ ان 125 ملین ڈالرز کی امداد کے علاوہ ہے جس کا اعلان پینٹاگون نے یکم مارچ کو کیا تھا جس میں مارک 6 کی مسلح کشتیاں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ماسکو نے 2014 میں یوکرین کے کریمیا علاقے کا اپنے ساتھ الحاق کرلیا تھا اور مشرقی یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسند بغاوت کی حمایت بھی کی تھی جس کے باعث ایک تنازعہ نے جنم لیا جس میں 14000 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔