ہم ہاریں یا جیتیں، اگلا الیکشن الیکٹرونک ووٹنگ پر ہو گا، شہباز گل

190
عدم اعتماد اپوزیشن کے لیے گلے کا پھندا بن چکی ہے شہباز گل

لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ ہم ہاریں یا جیتیں، اگلا الیکشن الیکٹرونک ووٹنگ پر ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ جو تھرتھلی موڈ میں تھے اب بالکل خاموشی کی کیفیت میں ہیں، احسن اقبال عرف ارسطو نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کو سیاست کا ادراک نہیں ہے، اسحاق ڈار کو لندن بیٹھے سینیٹر بنوا دیا، ہمارے ساتھ سیاست کریں اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ نفرت نہ کریں، 95 فیصد سے زیادہ ووٹ اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ عمران خان کا ہے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ باقی ممالک بھی اپنے باشندوں کو ووٹ کا حق دیتے ہیں، بیلجیئم، برازیل، آسٹریلیا اور ارجنٹائن میں الیکٹرونک ووٹنگ ہوتی ہے، ملکوں کی ایک لمبی فہرست ہے جہاں الیکٹرونک ووٹنگ سے انتخابات ہوتے ہیں، ہم ہاریں یا جیتیں، اگلا الیکشن الیکٹرونک ووٹنگ پر ہو گا، تین سال میں وزیراعظم کے دفتر کے 52 کروڑ کے اخراجات کم ہوئے،57 کروڑ روپے وزیراعظم ہائوس میں بچائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے دو کیمپ آفس تھے، یوسف رضا گیلانی کے 5 کیمپ آفس تھے، 5 کیمپ دفاتر کے 570 ملین اخراجات تھے، 4 اشاریہ 3 ارب روپے کے اخراجات رایئونڈ کے کیمپ آفس پر آئے، شہباز شریف کے کیمپ آفس پر 53 کروڑ روپے خرچہ آیا، 2717 پولیس اہلکار شہباز شریف اور نواز شریف کی سیکورٹی کے لیے تعینات تھے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹ کا حق کسی کا باپ نہیں روک سکتا، ووٹ کا حق دلوانے کے لئے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے، 600 الیکٹرونک مشینیں آئندہ چند ماہ میں تیار ہو جائیں گے، ہم چھوٹے الیکشن میں تجرباتی بنیادوں پر مشینیں استعمال کریں گے، ملکوں کی ایک لمبی فہرست ہے جہاں الیکٹرونک ووٹنگ سے انتخابات ہوتے ہیں۔