انٹاریو:دہشتگردی سے شہید ہونے والے افراد کی نمازہ جنازہ ادا

251

انٹاریو: کینیڈین صوبہ اونٹار یو میں پاکستانی خاندان کے 4افراد کی دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کی میتیں نمازجنازہ کیلیے اسلامک سینٹر پہنچادی گئیں، جہاں اُن کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ اور قونصل جنرل ٹور نٹو عبدالحمید جنازہ گاہ پہنچ گئے،جنازہ سے قبل پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے شہدا کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی،پاکستانی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے تعزیتی پیغامات پہنچائے۔

نماز جنازہ میں کینیڈین پاکستانیوں اور مسلمانوں کی کثیر تعداد  نے شرکت کی،نماز جنازہ میں شہید ہونے والے افراد کے لیے دعا مغفرت بھی مانگی گئی۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں اسلام فوبیا کا نشانہ بننے والے پاکستانی نژاد شہدا کے اہلخانہ سے ٹیلی فونک کے ذریعے رابطہ کیا، وزیر اعظم اور پاکستانی قوم کی جانب سے اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں المناک واقعے پر ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ واقعہ سے متعلق کینیڈین وزیر خارجہ سے تفصیلی بات ہوچکی ہے، کینیڈین حکومت نے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستان عرصہ دراز سے دنیا کی توجہ اسلام فوبیا کی جانب مبذول کرارہاہے۔

شاہ محمود قریشی نے متاثرہ خاندان کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی فراہمی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی شہدا کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔