‘وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صلاحیتوں سے وفاق نہ صرف پریشان بلکہ خوف زدہ بھی ہے’

348
شیخ رشید کی خانہ بدوشی کی سیاست اور وزارت کا سورج ڈھل رہا ہے، ناصر شاہ

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری آصف علی زرداری کے خلاف بات کر کے اپنے نوکری پکی کر رہے ہیں جبکہ وزیر اعلی سندھ کی صلاحیتوں سے وفاق نہ صرف پریشان بلکہ خوف زدہ بھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ  کا کہنا تھاکہ فواد چوہدری زرداری فیملی کے خلاف بیان بیازی سے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ فواد چوہدری پنجاب کے وزیراعلیٰ کےخلاف سازشیں کرتےہیں اور خود وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایک انتہائی کامیاب اور طاقتور وزیراعلیٰ ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ کی صلاحیتوں سے وفاق نہ صرف پریشان بلکہ خوف زدہ بھی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا ہےکہ وزیراعلی سندھ کے خلاف وفاق سازشیں کر رہا ہے اور ہمیں سب معلوم ہے، فواد چوہدری تو سندھ حکومت سے این ایف سی کے تحت ملنے والے فنڈز کا حساب لینے کا حق نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کو حق ہے سندھ حکومت سے پائی پائی کاحساب لے، وفاقی وزیر شاید ربڑ اسٹیمپ اپنے سلیکٹڈ وزیر اعظم کو کہہ رہے تھے جبکہ پنجاب نے غیرقانونی طور پر چشمہ جہلم کینال کھول کر سندھ  کے پانی پر ڈاکا ڈالا ہے۔

سیدناصرشاہ کا مزید کہنا تھا  کہ پانی کی نگرانی اورمنصفانہ تقسیم کرناارسا کاکام ہے جبکہ وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

وزیراطلاعات ناصرشاہ نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ وفاقی حکومت ارسا کو کام کرنےدے، ارسا کےمعاملات میں ٹانگ اڑانابندکرے، فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کےخواب دیکھنا بند کریں۔

ناصرشاہ نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت براہ راست ایم پی ایزکے ذریعے کرپشن کررہی ہے، جو فنڈز اپنے سندھ کےایم پی ایزکو دیئے، ان کا حساب دیں، اس کرپشن کاحساب وفاقی حکومت کودیناہوگا۔

واضح رہے کہ آج کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ گورنر راج حل نہیں، سندھ میں اس وقت آرٹیکل 140 اے لاگو کرنےکی ضرورت ہے۔