کورونا سے مزید 57 اموات ،سندھ میں جوتھی لہر کا انتباہ ،تنخواہیں روک لی گئیں

349

کراچی/ اسلام آباد/ پشاور (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید57 اموات ہوئیں‘ سندھ میں کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظرصوبائی حکومت نے ویکسی نیشن تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا‘ ویکسی نیشن نہ کرانے پر6 پولیس اہلکار معطل اور671 کی تنخواہیں روک لی گئیں‘سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ’’کیٹگری سی‘‘ میں شامل ممالک کی نئی فہرست جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں 24گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید57 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات 21 ہزار633 ہوگئیں۔ کورونا کے مزید 1194 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 39 ہزار 931 ہوگئی۔این سی اوسی کے مطابق گزشتہ روزکورونا کے 35 ہزار695 ٹیسٹ کیے گئے اور ملک بھر میں 3 لاکھ 10 ہزار 101 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی جب کہ 2 ہزار 38 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر جلد سے جلد ویکسی نیشن کا دائرہ بڑھایا جائے گا‘ عملے کی ویکسین کرانے والی فیکٹریز کو ہی چلنے کی اجازت ہوگی۔ وہ ہفتے کو انسداد پولیو مہم اور کورونا ویکسین کی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہی تھیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ انڈسٹریز کو بتایا جائے کہ ممکنہ چوتھی لہر کی صورت میں دوبارہ لاک ڈائون سے بچنے کے لیے وہ اپنے ورکرز کی ویکسی نیشن کرا لیں۔ علاوہ ازیںدبئی سے پشاور آنے والی پروازمیں 34 مسافرکورونا مریض نکلے میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پروازمیں 34 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ پروازمیں 156 مسافرسوار تھے۔ تمام مریضوں کوضلعی انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے تمام ملازمین کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے 30 روز میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر سرکاری ملازمین کی معطلی اور تنخواہیں روکے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ڈی پی او بنوں کے مطابق کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر 6 لیڈی پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا جب کہ معطل لیڈی کانسٹیبل کی تنخواہیں بھی روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دوسری جانب کورونا ویکسین نہ لگوانے پر ضلع قنبر شہدادکوٹ پولیس کے 671 اہلکاروں کی تنخواہیں روک دی گئیں۔ ایس ایس پی قنبر شہدادکوٹ کے مطابق کورونا سے بچاؤکی ویکسین نہ لگوانے والوں کی تنخواہیں حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت روکی گئی ہیں جن اہلکاروں کی تنخواہیں روکی گئیں ان میں 37 انسپکٹر، 33 سب انسپکٹر، 27 اے ایس آئی، 68 ہیڈ کانسٹیبل، 506 کانسٹیبل اور دفتری عملہ شامل ہے۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے پر اہلکاروں کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے فضائی سفری پابندیوں کے حوالے سے ’’کیٹگری سی‘‘ میں شامل ممالک کی تعداد کو کم کردیا۔ اب کیٹگری سی میں 38 کے بجائے 26 ممالک شامل ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ’’کیٹگری سی‘‘ کی نئی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق بنگلا دیش، برازیل، انڈونیشیا، ایران، عراق، جنوبی افریقا، چلی، کولمبیا، نیپال، پیرو، فلپائن، بھوٹان سمیت دیگر ممالک پر فضائی پابندیاں برقرار رہیں گی۔ ڈائریکٹر ائر ٹرانسپورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق جون میں ’’کیٹگری سی‘‘ میں شامل ممالک سے پاکستانیوں کو وطن واپس آنے کی اجازت ہوگی ‘ واپسی پر ریپڈ ٹیسٹ، قرنطینہ اور ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔