اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملاکر عوام دشمن بجٹ منظوری سے روکا جائے،نواز شریف

112

ْلاہور (نمائندہ جسارت)سابق وزیر اعظم نوازشریف نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیا۔شہبازشریف کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر عوام دشمن بجٹ کو منظور ہونے سے روکا جائے، معاشی ماہرین کے ساتھ مشاورت سے عوام کو بجٹ حقائق سے آگاہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ جس میں بجٹ سے متعلق بات چیت کی گئی۔ نوازشریف نے معاشی ٹیم سے بھی وفاقی بجٹ 2021-22 سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی ہے۔ جس پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ ملا کر عوام دشمن بجٹ کو منظور ہونے سے روکا جائے۔معاشی ماہرین کے ساتھ بجٹ کے اعدادوشمار سے متعلق مشاورت کریں اور عوام کو بجٹ کے اصل حقائق سے آگاہ کریں۔ بجٹ سے مہنگائی میں پسے عوام کی زندگیوں میں مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے فلور پر ترقیاتی بجٹ استعمال نہ ہونے کا بھی معاملہ اٹھایا جائے، شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف کو حکومت کو ٹف ٹائف دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک بجٹ پر 3 دن میں حکومت کے 4 موقف سامنے آنا اس کے جھوٹے ہونے کا ثبوت ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا 10 اور 11 جون کا ٹیکس فری بجٹ ہونے کا دعویٰ 12 جون کو ہی دم توڑ گیا۔24 گھنٹے اپنے اہداف پر قائم نہ رہ سکنے والوں کے دعوئوں پر کون یقین کرے گا؟ثابت ہو گیا کہ یہ آئی ایم ایف کابجٹ ہے۔