کوئٹہ‘ایرانی فنڈنگ سے چلنے والے 6 اسکول بند

316

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں ایرانی فنڈنگ اور غیرقانونی طور پر چلنے والے 6 اسکولوں کو سربمہر کردیا گیا۔ اسکولوں سے ممنوع لٹریچر بھی برآمد ہوا۔ محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کوئٹہ کے علاقے کرانی روڈ اور ہزارہ ٹاؤن میں کی جہاں قائم 6 ایرانی اسکولوں کو سیل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد زوہیب الحق نے بتایا کہ ان اسکولوں کے پرنسپل اور اساتذہ ایرانی ہیں اور وہ طلبہ و طالبات کو ایرانی نصاب پڑھا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر مانیٹرنگ شبیر احمد نے بتایا کہ یہ اسکول1991ء میں ایک ایم او یو کے تحت قائم ہوئے تھے مگر اس کے بعد انہوں نے کوئی رجسٹریشن کرائی اور نہ ہی ان کا انسپکشن کرایا جاتاتھا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں اجازت کے بغیر چلنے والے اسکولوں کی تعداد 10 ہے، جن میں سے6 کو سیل کردیا گیا اور باقی4 کی بھی چھان بین جاری ہے۔ پاکستانی بورڈ سے الحاق نہ ہونے سے طلبہ مزید تعلیم کے لیے ایران بھی جاتے تھے۔