خورشید شاہ کا بیٹا عدالتی حکم پر سرینڈر ،نیب نے حراست میں لے لیا

124

سکھر (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ نے عدالت عظمیٰ کے حکم پر خود کو عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا‘ عدالت کے حکم پر نیب نے ملزم فرخ شاہ کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی فرخ شاہ،ان کے والد پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ، بھائی زیرک شاہ، بہنوئی صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف سکھر کی احتساب عدالت میں ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زاید کے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ضمانت کے لیے ایم پی اے سید فرخ شاہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کررکھی تھی جس پر گزشتہ دنوں سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ نے فرخ شاہ کو 3 دن کے اندر خود کو احتساب عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا اورہفتے کو3 دن پورے ہونے پر انہوں نے احتساب عدالت کے جج کے رخصت ہونے کی وجہ سے خود کو تھرڈ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوکر خودکو سرینڈر کردیا۔ سماعت کے دوران وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں سناتے ہوئے عدالت کے جج نے نیب کو فرخ شاہ کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کردیے جس کے بعد نیب نے فرخ شاہ کو حراست میں لے لیا۔