جھڈو ، بھاری مقدار میں منشیات بر آمد ، دو ملزمان گرفتار

359

جھڈو (نمائندہ جسارت) منشیات کے گڑھ تحصیل جھڈو میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، دو منشیات فروش گرفتار، مرکزی ملزم فرار۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاع پر جھڈو کے نواحی علاقے گوٹھ یعقوب کپری میں رات کی تاریکی میں چھاپا مارا اور نیاز کھوسو کی اوطاق سے بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کرکے دو منشیات فروش ارجن کولہی اور جے رام کولہی کو گرفتار کرلیاجبکہ مرکزی منشیات فروش فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، چھاپے کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں نے نیاز کھوسو کی زرعی زمین پر قائم اوطاق سے ملحقہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے کمروں کی بھی تلاشی لی تاہم اسکول سے کچھ بھی بر آمد نہ ہوسکا اینٹی نارکوٹکس فورس کو شبہ تھا کہ منشیات اسکول کے کمروں میں چھپائی گئی ہے۔ بعد ازاں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایچ او جھڈو شاہنواز خاصخیلی نے بتایاکہ بھاری مقدار میں چرس، اور افیون بر آمد کی گئی ہے تاہم منشیات کی مقدار کے حوالے سے محکمہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام ہی کچھ بتا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران تحصیل جھڈو سے منشیات فروشوں کیخلاف مختلف چھاپوں کے دوران کروڑوں روپے کی منشیات برآمد کی گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق تحصیل جھڈو منشیات فروشوں کا گڑھ ہے، جہاں سے چھے اضلاع، بدین تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ اور ٹنڈوالہٰیار کے علاقوں میں بھی منشیات سپلائی کی جاتی ہے۔