بیرون ملک دستکاری مصنوعات کی مانگ ہے،حکومت توجہ دے،شکیل ابڑو

241
حیدرآباد: سندھ انڈی جینیئس ٹریڈیشنل کرافٹس کمپنی کے ڈائریکٹر شکیل ابڑو اور صدر چیمبر آف اسمال ٹریڈرز سلیم الدین قریشی کا تاجروںکے ہمراہ گروپ فوٹو

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ انڈی جینیئس اینڈ ٹریڈیشنل کرافٹس کمپنی

(SITCO) کے ڈائریکٹرشکیل ابڑو نے کہا ہے کہ دستکاری مصنوعات ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، بیرن ملک اس کی بہت مانگ ہے۔ سٹکوحکومت سندھ کے ماتحت کام کررہی ہے، اگر حکومت اس پر توجہ دے تو اس سے کافی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے، مگر افسوس کے یہ ادارہ نظر انداز ہی رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی کی دعوت پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو کام ہم آج کررہے ہیں وہ دنیا میں 30 برس پہلے ہوچکا ہے ، دستکاری مصنوعات ہماری اور بالخصوص صوبہ سندھ کی پہچان ہے، اس کی برآمدات کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اس سے قبل صدر چیمبر سلیم الدین قریشی نے کہا کہ دستکاری پاکستان اور صوبہ سندھ کی ثقافت ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی برآمدات کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ سب کمیٹی برائے درآمد ات و برآمدات کے کنوینر شیخ احمد حسین نے کہا کہ حیدرآباد ریجن دستکاری کے حوالے سے بڑی شہرت رکھتا ہے جس میں چوڑی، ہینڈ لوم سے بنا ہوا سوسی، کھادی کپڑا، چمڑے کے جوتے، قالین، فرنیچر اور مجسمہ سازی اپنی مثال آپ ہیں۔ اس موقع پر سابق صدر محمد اکرم انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر سٹکو سکندر علی راجپوت، محمد فہد میاں، محمد یاسین خلجی کے علاوہ دیگر تاجر حضرات موجود تھے۔