بھارت میں بچائو کیلیے کورونا کی پوجا شروع

301
بھارت: ہندومت کے پیروکار ’’کورونا ماتا‘‘ کی پوجا کررہا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں کے لوگ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ’’کورونا ماتا‘‘ کی پوجا شروع کردی ہے۔ ہندو دیہاتیوں کو امید ہے کہ اب دیوی کی مدد ہی انہیں، ان کے گاؤں، ملک اور ساری دنیا کو کورونا سے بچائے گی۔ اتر پردیش کے ایک گاؤں میں مقامی لوگوں نے ایک مندر تعمیر کر کے اسے کورونا ماتا کے نام کر دیا ہے۔ ان افراد کا ماننا ہے کہ کورونا ماتا کی پوجا کر کے وہ اس وائرس کے حملے سے بچ سکتے ہیں۔ ہندو عقیدت مند اب اس مورتی کی پوجا میں مصروف رہتے ہیں۔ بھارت میں یہ سب کچھ اسی ہفتے دیکھنے میں آیا۔ بھارت کورونا وائرس کی عالمی وبا سے امریکا کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ 12جون تک کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک یہ وائرس بھارت میں 2 کروڑ 93 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کر چکا ہے، جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 66ہزار سے زائد بنتی ہے۔ چند ہفتے قبل تک بھارت میں یومیہ 4لاکھ سے زائد نئے کیس سامنے آ رہے تھے۔ اپریل اور مئی میں اس وائرس کے انتہائی تیز رفتار پھیلاؤ کی وجہ سے بھارتی نظام صحت بہت سنگین بحران سے دو چار رہا۔ اس وائرس کی بھارت سے پھیلنے والی نئی قسم ڈیلٹا اس وقت کئی دیگر ممالک کے لیے بھی مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ بھارتی دیہات میں عام لوگ مقابلتاً زیادہ خوف زدہ ہیں۔ اسی تناظر میں شمالی ریاست اتر پردیش کے شکلاپور گاؤں کے رہایشیوں کو ایک مختلف خیال سوجھا۔ انہوں نے گہرے پیلے رنگ کی دیواروں والا ایک مندر تعمیر کر کے وہاں کورونا ماتا کی مورتی رکھ دی۔ عقیدت مند اب اس مورتی پر پانی، پھول اور کئی طرح کے چڑھاوے چڑھاتے اور وہاں پوجا کرتے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ ماتا انہیں وائرس سے بچا لے گی۔