یوکرائن کو 15کروڑ ڈالر کی عسکری امداد کا امریکی اعلان

143

واشنگٹن/ ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے یوکرائنی فوج کو 15کروڑ ڈالر کی فوجی امداد دینے کا اعلان کردیا۔ امریکی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پینٹا گون نے یوکرائن کی سیکورٹی امداد کے دائرہ عمل میں یوکرائنی فوج کو ملکی سالمیت کے تحفظ، سرحدی سلامتی کے قیام اور نیٹو کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عمل کو فروغ دینے میں معاونت فراہم کرنے کے لیے تربیتی و سازو سامان پر مبنی امدادی پیکیج فراہم کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ امداد امریکی کانگریس کے 2021ء مالی سال دفاعی بجٹ میں یوکرائن کے لیے مختص کردہ 25کروڑ ڈالر کا ایک حصہ ہے۔ دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کے ملک اور امریکا کے تعلقات اس وقت گزشتہ کئی برسوں کے دوران اپنی نچلی ترین سطح پر ہیں۔ صدر پیوٹن نے یہ بات این بی سی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کے روسی ہم منصب کی آیندہ ہفتے بدھ کے روز جنیوا میں ملاقات ہو گی۔ دونوں روایتی حریف ممالک کے مابین کئی امور پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اس ملاقات میں ان پر کھل کر بات ہو گی۔پیوٹن نے ٹرمپ کو ایک بہت ہی قابل اور خاص شخص قرار دیا۔