امریکا: بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کیخلاف قانون سازی

164

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی کانگریس میں 4 بڑے ٹیکنالوجی اداروں کے کاروباری غلبے کو ختم کرنے کے قانونی عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ارکان ایوان نمایندگان نے 5 مسودہ قوانین منظوری کے لیے پیش کیے ہیں۔ امریکی کانگریس میں قانون سازی اس تفتیش کا نتیجہ ہے، جو 15ماہ تک جاری رہی اور اس کی سفارشات کی روشنی میں قانون سازی کا قدم اٹھایا گیا ہے۔ تفتیش امریکی کانگریس کے ایوانِ نمایندگان کی عدالتی کمیٹی کی ذیلی اینٹی ٹرسٹ (AntiTrust) کمیٹی مکمل کی تھی۔ اس قانون سازی کے لیے رائے شماری کے کئی مرحلے مکمل کیے جائیں گے۔ ایوانِ نمایندگان میں مسودہ قوانین کی قرارداد پاس ہونے کے بعد ان مسودوں کو سینیٹ میں منظوری کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔ آخر میں صدر جو بائیڈن کی توثیق سے یہ قانون کی شکل اختیار کریں گے۔ جن کمپنیوں کے کاروباری غلبے کے خلاف قانون سازی شروع کی گئی ہے، ان میں موبائل فون ساز ادارہ ایپل، این لائن کاروبار کرنے والا ایمزون، انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک شامل ہیں۔ ان بڑی کمپنیوں پر کئی چھوٹی کاروباری کمپنیوں کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔