نائیجیریا: دیہات پر مسلح حملے‘ 90 سے زائد شہری ہلاک

77

ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) نائیجیریا کے دیہی علاقوں میں مسلح افراد نے رات کے وقت حملے کر کے 90 سے زائد باشندوں کو ہلاک کر دیا۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق حکام نے ان حملوں کے تناظر میں مقامی لوگوں سے ایسے حملہ آوروں کے خلاف اٹھ کھڑ ے ہونے کی اپیل کی ہے۔ نائیجیریا کی پولیس کے مطابق ملک کے شمال مغربی علاقے میں مسلح حملہ آوروں نے 90 سے زائد افراد کو رات کے وقت کیے گئے حملوں میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جن دیہات میں یہ حملے کیے گئے، ان میں زرمی کا ایک گاؤں کداوا بھی شامل تھا اور حملہ آوروں نے مقامی باشندوں پر دوران نیند حملے کر کے انہیں بڑی بے رحمی سے قتل کر دیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کی اطلاع ملتے ہی پولیس کمشنر نے سیکورٹی اہل کاروں کے کئی یونٹوں کو حکم دیا کہ وہ علاقے میں متحرک ہو جائیں اور مختلف مقامی برادریوں کے مابین امن اور اعتماد کی بحالی کی کوششیں کرنے کے ساتھ ساتھ ان حملوں کے مرتکب مجرموں کا سراغ بھی لگائیں، تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ یہ حملے جمعرات کو رات گئے کیے گئے۔ اس خطے میں حالیہ مہینوں میں ایسے کئی ہلاکت خیز حملے اور بڑے پیمانے پر اغوا کی وارداتیں بھی دیکھنے میں آئی ہیں۔