امریکن بیس بال کوچ برائن فروچز آج پاکستان پہنچیں گے

285

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ نے کہا ہے کہ امریکن بیس بال کوچ برائن فروچز (آج) اتوارکو پاکستان پہنچیں گے، امریکن کوچ ایک ہفتے کے قیام کے دوران پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں بیس بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن دنیا میں کرونا وائرس کے باعث مختلف انٹر نیشنل بیس بال ایونٹس ملتوی ہوچکے ہیں یا ان کی تاریخیں آگے بڑھا دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکن بیس بال کوچ کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا لیکن چونکہ انڈر 12، انڈر15 اور انڈر18 ایشین بیس بال چیمپئن شپ ملتوی کردی گئی ہیں اس لئے مستقبل میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کے لئے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے تسلسل کو قائم رکھنے کے لئے پاکستان بیس بال فیڈریش کے چیئرمین شوکت جاوید کی ہدایات پر فیڈریشن نے امریکن بیس بال کوچ مسٹر برائن فروچز کو پاکستان کے دورے پر بلایا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی غیر ملکی کوچز پاکستان آتے رہے ہیں، جنہوں نے خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد میں موجود بیس بال اکیڈمیز کا دورہ کرکے وہاں کھلاڑیوں کو دی جانے والی ٹریننگ کا جائزہ لیتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکن کوچ کے دورے کا مقصد پاکستان میں بیس بال کی ڈویلپمنٹ اور حالات کا جائزہ لینا ہے۔ دورے کے دوران مسٹر برائن پاکستان بیس بال فیڈریش کے چیئر مین شوکت جاوید کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے اور لاہور میں موجود بحریہ ٹان بیس بال اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹان میں تربیت دیں گے۔