ٹوکیو اولمپکس کی تیاریاں حتمی مرحلے میں ہیں، تھامس باخ

177

ٹوکیو (جسارت نیوز)بین الاقوامی اولمپک کمیٹی آئی او سی کے صدر تھامس باخ نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کی تیاریاں حتمی مرحلے میں ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق آئی او سی کے صدر تھامس باخ نے کہا کہ موسم گرما کے ٹوکیو اولمپکس منصوبے کے مطابق منعقد ہوں گے۔ تھامس باخ آئی او سی کے انتظامی بورڈ کے3 روزہ آن لائن اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام متعلقہ فریقوں سے قریبی رابطے میں ہیں اور ٹوکیو اولمپکس کے آغاز کے حتمی مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 23 جولائی کو اولمپکس کے آغاز سے قبل وسط جولائی میں ٹوکیو پہنچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی آمد کی تاریخ جاپان کے قرنطینہ عرصے کو مد نظر رکھتے ہوئے طے کی گئی ہے۔اولمپک گیمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کر اسٹوف ڈوبی بھی پریس کانفرنس میں شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی جاپان میں کئی کھیلوں اور بعض آزمائشی ایونٹس کے لیے مقرر کردہ کورونا وائرس اقدامات سے انتہائی مطمئن ہیں۔ انہوں نے ٹوکیو 2020 پلے بکس کا بھی حوالہ دیا، ان کتابچوں میں گیمز کے شرکا کے لیے وائرس سے بچا کی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کتابچوں کے حتمی ایڈیشن آئندہ ہفتے آ جائیں گے جن میں مزید تفصیلات ہوں گی۔ ڈوبی نے ٹوکیو گیمز کی تیاریوں کواب تک کی بہترین تیاریاں قرار دیا۔