پی پی اورمتحدہ نے شہری سندھ کو زندہ در گور کردیا ہے‘مصطفی کمال

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی لسانی و تعصب زدہ سیاست نے شہری سندھ کو زندہ در گور کردیا ہے۔ اقتدار و وسائل پر قابض حکمرانوں نے بلدیاتی نظام کو معطل کرکے جہاں ایک جانب آئین پاکستان کی دھجیاں اڑا دی ہیں تو وہیں دوسری جانب عوام کو تمام بنیادی ضروریات سے بھی محروم کردیا ہے، بلدیاتی نظام کے حوالے سے مکمل تشریح آئین کا حصہ ہونی چاہیے تاکہ کوئی وزیر اعلیٰ اپنی مرضی کے مطابق آئین کی تشریح نہ کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ، تاجر برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ اٹھارہویں ترمیم سے صوبے کے وزیر اعلیٰ اختیارات اور وسائل پر قابض ہیں، اب یہ وزرائے اعلیٰ کی مرضی پر منحصر ہے کہ وہ کسی ڈسٹرکٹ کو وسائل فراہم کریں یا نہ کریں، اٹھارہویں ترمیم میں مزید ترمیم کیے بغیر اختیارات اور وسائل نچلی ترین سطح پر عوام تک نہیں پہنچ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 72 سال سے مسند اقتدار پر براجمان حکمرانوں نے حیدرآباد سمیت پورے پاکستان کے ساتھ بدترین سیاسی اور معاشی کھلواڑ کیا ہے، جس کے نتیجے میں صوبہ اور اس کے عوام تعلیمی، طبی اور معاشی پسماندگی کیساتھ ساتھ بدامنی اور لاقانونیت کے دلدل میں دھنستے چلے گئے ہیں۔