انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کیلیے پاکستان کی حکمت عملی تیار

152

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں کم سے کم 5 بڑے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے آفرز دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ آئی سی سی 2024 سے 2031 تک مردوں کے کرکٹ ایونٹس کے حقوق کی میزبانی کے لئے بولی مانگ رہاہے۔ 2024 سے 2031 کے دوران4ٹی 20ورلڈ کپس، 2 ون ڈے ورلڈ کپس اور چیمپئنز ٹرافی کے2 ایونٹس کھیلے جائیں گے۔ٹی 20 ورلڈ کپس 2024 ، 2026 ، 2028 ، اور 2030 میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2026 اور 2030 میں کھیلا جائے گا۔ چیمپئنز ٹرافی 2024 اور 2028 میں ہوگی۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی منصوبہ بندی بھی ہر 2 سال بعد 2025 ، 2027 ، 2029 اور 2031 میں کی جائیگی ۔ آئی سی سی نے پی سی بی سے احسان مانی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں اپنی بولی پیش کرنے کو کہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہم نے اس عرصے کے دوران ہونے والے بڑے بین الاقوامی ایونٹ کیلئے مضبوط بولی پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ 2020 میں ہونے والے ٹی 20ورلڈ کپ (شریک میزبان)اور چیمپئنز ٹرافی(واحد میزبان)کی میزبانی کے لیے پاکستان بولی جمع کروائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس بات کا ہر امکان موجود ہے کہ پاکستان 2024 سے 2031 تک بڑے بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کرے گا، ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یا 50 اوورز ورلڈ کپ کے علاوہ یو ای اے ، سری لنکا یا بنگلا دیش کے ساتھ مشترکہ طور پر میزبانی کرسکتے ہیں ۔ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ طور پر 2024 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2026 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر 50 اوور ورلڈ کپ کی میزبانی کی آفر کرنے کے اچھے امکانات ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان کا مقصد 2024 میں 8 ٹیموں کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے، میچز لاہور ، کراچی اور راولپنڈی ہوسکتے ہیں۔