یمن میں باغیوں کا بڑا حملہ ، 8 شہری جاں بحق

165
مآرب (یمن): حملے کا نشانہ بننے والا پیٹرول پمپ تباہ ہوگیا ہے‘ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں نے مآرب شہر میں بم بار ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 8 شہری جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق مآرب میں 3زور دار دھماکے ہوئے، جن سے لرزاٹھا۔ حوثی باغیوں نے کارروائی کے دوران رہایشی علاقے میں مسجد کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ مآرب میں خواتین کی ایک جیل پر بھی بم باری کی گئی۔ زخمیوں میں خواتین اور طبی عملے کے افراد بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران جائے وقوع کی جانب جانے والی ایمبولنسوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،جس کے نتیجے میں 4 ایمبولنسوں کو نقصان پہنچا، جب کہ 2 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل حوثی ملیشیا نے روضہ کے علاقے میں ایک فیول اسٹیشن پر اسی طرح کا حملہ کیا تھا،جس کے نتیجے میں 21 شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ 7 گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں اور 2 ایمبولنسوں کو شدید نقصان پہنچاتھا۔ کارروائی میں حوثی ملیشیا نے راکٹوں اور ڈرون طیاروں کا استعمال کیا تھا۔اس حوالے سے حوثیوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے مآرب میں فوجی کیمپ کو اس حملے میں نشانہ بنایا تھا۔ مآرب میں تشدد کے یہ نئے واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں کہ جب امریکا،اقوام متحدہ اور سعودی عرب سمیت علاقائی ممالک یمن میں 7سال سے جاری بحران کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں اور حوثی ملیشیا کو مذاکرات کی میز پرلانے کے لیے مختلف پیش کش کررہے ہیں۔واضح رہے کہ یمن کے شمال میں واقع مآرب واحد شہر ہے، جس پر صدر عبدربہ منصورہادی کی حکومت قائم ہے، جب کہ ملک کے باقی شمالی صوبوں اور شہروں پر حوثیوں کا قبضہ ہے۔