روس کا پاکستان سے چاول کی درآمد پر پابندی اٹھانے کا اعلان

515

کراچی(اسٹاف رپورٹر)روس نے پاکستان سے چاول درآمد کرنے پر 11جون 2021سے پابندی اٹھا لی ہے۔روس کے پلانٹ پروٹیکشن کے ادارے روزل خوزنادز ورنے اپنے خط مورخہ 9جون 2021میں وزارت نیشنل فورڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے ماتحت ادارے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے ڈائریکٹر ٹیکنکل محمد سہیل شہزاد کو پاکستان سے چاول کی درآمد سے باضابطہ پابندی اٹھانے سے آگاہ کیا۔ابتدائی پر روسی پلانٹ پروٹیکشن ادارے نے پلانٹ پروٹیکشن کے سفارش کردہ چاول پروسیسنگ اور برآمد کرنے والے چار یونٹس سے روس میں چاول درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔جن میں دوکارخانے کراچی میں واقع ہیں اور ایک لاہور اور ایک چنیوٹ میں ہے جبکہ روس نے دیگر چاول پروسس اور برآمد کرنے یونٹس اور برآمد کنندگان سے روس میں چاول کی درآمدان یونٹس کی پاکستانی پلانٹ پروٹیکشن ادارے کی سفارش اور آن لائن معائنہ اور تصدیق سے مشروط کیا۔روس کے پلانٹ پروٹیکشن کے ادارے نے 16مئی 2019 کو چاول کی ایک کنسائنمنٹ سے کیڑا نکلنے پر پاکستان سے مزید چاول کی درآمد پر پابندی لگادی تھی جس پر وزارت قومی خوراک اور ان کے ماتحت ادارے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن پاکستان نے اس معاملہ کی تحقیق کر کے وجوہات کو معلوم کیا اور ان وجوہات کا روس کے پلانٹ کے پروٹیکشن کے ادارے کے ساتھ تبادلہ کیا اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ایک جامع فائٹو سینٹری رہنمائی پروگرام بنایا اور پھر اس کو چاول پروسیسنگ فیکٹریوں اور یونٹس لاگو کردیا اور پروگرام کو روس کے ادارے کے ساتھ بھی تبادلہ کیا۔5اگست 2019کو محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو بتایا کہ وہ پاکستان سے چاول کی درآمد پر پابندی اٹھانے کے لیے تیار ہے اگران ٹیکنکل ایکسپرٹس پاکستان میں آکر پروگرام کی لاگو ہونے کی تصدیق کریں اور پاکستان پلانٹ کوارنٹائین سسٹم کا معائنہ کیا۔اس پر وزارت قومی تحفظ خوراک اور پلانٹ پروٹیکشن محکمہ نے ان کے ایکسپرٹس کو پاکستان باضابطہ مدعو کیا تاکہ وہ جامع پروگرام کے لاگو ہونے کا خود معائنہ کریں۔ رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے چیئرمین عبد القیوم پراچہ نے پاکستانی چاول پر پابندی ہٹنے پر بے انتہا مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن (DPP)، وزارت خوراک، وزارت تجارت اور ماسکو میں تعینات پاکستانی سفارتخانے کی کو ششوں کو سراہا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی اعلیٰ حکام نے روس کے متعلقہ اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ممکن بنایا اور بالآخر روس نے پاکستانی چاول پر عائد پابندی ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ،یہ ایک بہترین اور قابل ستائش ٹیم ورک تھا ۔