اسلامک فنانشل سروسز بورڈ جنرل اسمبلی نے ڈاکٹر رضا باقر کو چیئرمین مقرر کردیا

287

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر بینک دولت پاکستان ڈاکٹر رضا باقر کو سال 2022ء کے لیے اسلامک فنانشل سروسز بورڈ (IFSB) کی جنرل اسمبلی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔ ان کے تقرر کی منظوری آئی ایف ایس بی کی جنرل اسمبلی نے اپنے 9 جون 2021ء کو منعقدہ 19 ویں اجلاس میں دی۔گورنر اسٹیٹ بینک نے بیسویں جنرل اسمبلی کے چیئرمین کے طور پر اپنے تقرر پر آئی ایف ایس بی کونسل اور جنرل اسمبلی کے ارکان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس باوقار فورم کی سربراہی کرنے کے سلسلے میں ان پر اعتماد کا اظہار کیا اور یہ عزم ظاہر کیا کہ آئی ایف ایس بی عالمی سطح پر اسلامی مالیات میں معیار کا تعین کرنے والے صفِ اوّل کے ادارے کی حیثیت سے کام کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایف ایس بی کے مقرر کردہ معیارات عالمی سطح پر اسلامی مالیات کے ضوابطی اور محتاطیہ فریم ورکس کو مضبوط بنانے میں مدد دیں گے۔ ڈاکٹر رضا باقر اس وقت آئی ایس ایس بی کی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور یہ کونسل بھی ایک سینئر ایگزیکٹو اور پالیسی ساز ادارہ ہے جو اسلامی مالیات پر ضوابطی اور نگراں اداروں کے سربراہان پر مشتمل ہے۔