صیہونی فورسز کے ہاتھوں 2 فلسطینی افسران شہید

283

اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع جینن شہر میں فلسطینی اتھارٹی (پی اے) کے دو فوجی انٹیلیجنس افسران سمیت تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

فلسطینی نشریاتی ادارے وفا کے مطابق فلسطینی انتظامیہ نے ان دونوں افسران کی شناخت 23 سالہ ادھم یاسر علوی اور 32 سالہ تیصر عیسی کے نام سے کی ہے۔ تیسرا مقتول جمیل العموری تھا جو اسرائیلی جیلوں میں قید رہ چکا تھا۔

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں ایک 23 سالہ فلسطینی افسر بھی زخمی ہوا ہے جس کا نام محمد البزور ہے۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فورسز سویلین گاڑی میں آئی تھیں تاہم اُن کا مقصد خفیہ آپریشن کرنا تھا۔

علوی کے آخری رسومات میں حصہ لینے کے لئے ہزاروں سوگوار جینن شہر میں سڑکوں پر نکلے۔ جبکہ دوسری جانب فلسطینی قصبوں میں عام ہڑتال کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔