ای کامرس برآمد کنندگان کو ہرممکن سہولت دی جائے‘ صدر مملکت

925

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ای کامرس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ایمازون سیلرز کی فہرست میں شمولیت سے ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا اور نوجوان انٹرپرینیورز کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، اس سے چھوٹے اور درمیانی درجہ کے کاروباری اداروں کی بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ ہوگا، عالمی مارکیٹ میں مسابقتی برتری کے لیے مصنوعات کی ویلیوایڈیشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ان ایبلرز ثاقب اظہر نے پاکستان کی ایمازون سیلرز فہرست میں شمولیت کے تناظر میں ابھرتے ہوئے موقع سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ان ایبلرز ثاقب اظہر، چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن، سینئر جوائنٹ سیکرٹری وزارت تجارت عائشہ حمیرا موریانی، مختلف ای کامرس اداروں کے سینئر ارکان، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک کے نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر علوی نے نوجوان انٹرپرینیورز کو ای کامرس سے بھرپور استفادہ کے لیے تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے ملک میں برآمدات کے فروغ کے لیے ای کامرس کے فروخت کنندگان کو سہولیات فراہم اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔