قومی اقتصادی سروے آج پیش کیا جائے گا

243

اسلام آباد (آن لائن)مالی سال 2020-21 کا قومی اقتصادی سروے آج پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین ایک تقریب میں اقتصادی سروے پیش کریں گے۔ اقتصادی سروے میں جاری مالی سال کے اہم اقتصادی اشارئیوں اور کارکردگی کا احاطہ کیا جائے گا ۔نئے بجٹ میں عوامی مفاد اور کاروبار دوست گروتھ پر مبنی بجٹ بھی تیار کیا جارہا ہے حکومت سخت مالیاتی ڈسپلن اور معاشی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔ دوسری جانب رواں مالی سال جولائی سے مئی کے دوران تجارتی خسارہ 30.56 فیصد مزید بڑھ گیا، ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ا عداد و شمار کے مطابق جولائی سے مئی کے دوران تجارتی خسارہ بڑھ کر 27.48 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ جولائی سے مئی کے دوران برآمدات میں 13.97فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ جولائی سے مئی کے دوران 22ارب 56 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں ، گزشتہ سال اس عرصہ کے دوران 19.79ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں ۔ جولائی سے مئی کے دوران درآمدات میں 22.52فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ جولائی سے مئی کے دوران 50ارب 4کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔ گزشتہ سال اس عرصہ کے دوران 40.84ارب ڈالر کی درآمدات کی گئیں ، جولائی سے مئی کے دوران 27ارب 48کروڑ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا۔ گذشتہ سال اس عرصہ میں 21رب 5کروڑ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔