جمہوریت پر یقین ہے‘ عوامی مدد سے حقیقی تبدیلی لائینگے‘ تنویر انور خان

177
راولاکوٹ: جماعت اسلامی یوتھ آزاد کشمیر کے صدر نثار احمد شائق پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

باغ راولاکوٹ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل محمدتنویر انور خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آزادکشمیر میں کسی کو دھونس دھاندلی کرنے نہیں دے گی۔ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور عوامی مدد کے ساتھ رائے عامہ منظم کر کے حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر انتخابات کو صاف شفاف بنائیں تا کہ حقیقی نمائندے منتخب ہوسکیں۔ لوٹوں کو جمع کر کے تبدیلی لانے والوں نے پاکستان میں جو حشر کیا ہے وہی آزادکشمیر میں کرنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ شرقی باغ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثنا جماعت اسلامی یوتھ آزادجموں وکشمیر کے صدر نثار احمد شائق نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آگ و خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے جب کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں اقتدار کی رسہ کشی اور سرمایے کے بل بوتے پر لوٹوں کی سیل جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں قائدین حریت، وہاں کی سیاسی قیادت اور جماعت اسلامی کی ساری قیادت جیلوں میں ہے، نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جارہا ہے ایسے میں آزادکشمیر میں لوٹوں کی سیل اور اچھل کود افسوس ناک ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے غازی ملت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔