اقلیتی برادری کا ملک کےلیے کردار ناقابل فراموش ہے، گورنر سندھ

129

کراچی (آن لائن)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے نیشنل لابنگ وفد برائے اقلیتی حقوق کے وفد نے کرشن شرما کی سربراہی میں گورنر ہاو¿س میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کے سربراہ کرشن شرما نے نیشنل لابنگ وفد برائے اقلیتی حقوق کے بنیادی افعال کے بارے میں گورنر سندھ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کا مقصد اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی امداد اور تعاون ممکن بنانا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اقلیتی برادری نے نہ صرف پاکستان کے قیام بلکہ ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں بشمول عیسائی ، ہندو اور سکھ وغیرہ پر امن طور پر زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ان کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے، اقلیتوں کے لیے پاکستان دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں تمام اقلیتوں کو حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے۔