اینگرو فرٹیلائزر ز اورایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے مابین معاہدہ

298

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بیج سے فصل تک سلوشن فراہم کرنے والی کمپنی اینگرو فرٹیلائزر ز نے ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر میں اینگرو لرننگ سینٹر کے قیام اور ترقی کے لیے ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچرکے ساتھ تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اینگرو فرٹیلائزر زکے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادرایس قریشی اور ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی نے ایک ورچوئل تقریب میں یادداشت پر دستخط کیے۔اس موقع پر اینگرو فرٹیلائزرز کی مینجمنٹ ٹیم اور یونیورسٹی کی فیکلٹی بھی موجودتھی۔ معاہدے کے تحت اینگروایگریکلچر یونیورسٹی کے طلباء کے لیے تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ طلباء کی تعمیری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف انٹرشپ پروگراموں میں مدد فراہم کرے گی۔اس موقع پر اینگرو فرٹیلائزر زکے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر قریشی نے کہاکہ اینگرو فرٹیلائزرززرعی شعبے کی تزئین کو جدید بنانے کے لیے انڈسٹری اور تعلیمی اداروں کے درمیان خلا کو پُر کرنے کے لیے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اینگرو لرننگ سینٹر ایک اہم قدم ہوگا اور ہماری مشترکہ کاوشوں سے کسانوں کوکاشت کاری کے جدید طریقوں اور ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے میں مدد ملے گی جو زرعی پیداوار کو بڑھانے اور پاکستان کے غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔