نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پی سی بی کے ٹرائلز آج سے شروع ہوں گے

234

پشاور (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے لیے ٹرائلز آج سے شروع ہوں گے۔پی سی بی نے 3 جون کو صوبائی حکومت کی جانب سے این او سی موصول ہونے کے بعد ان ٹرائلز کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاوہ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے وہ علاقے جو آزاد جموں و کشمیر میں آتے ہیں وہاں ٹرائلز 10 جون سے شروع ہوجائیں گے۔ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے وہ علاقے جو صوبہ پنجاب میں آتے ہیں وہاں ٹرائلز پہلے سے ہی جاری ہیں۔ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون، سیکنڈ الیون اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کا کوچنگ اسٹاف ان ٹرائلز کی نگرانی کرے گا۔ ہائی پرفارمنس سینٹرز کے کوچز اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان بھی اس ضمن میں ان کی معاونت کریں گے تاہم ٹرائلز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے ان کھلاڑیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی متعلقہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن سے ہی تعلق رکھتے ہوں۔ان ٹرائلز میں صرف ان کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی جو 12 سے 16 مارچ پر مشتمل اعلان کردہ ونڈو میں ان ایسوسی ایشنز کی سٹی کرکٹ ٹیموں کیٹرائلز کیلیے اپنی رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ٹرائلز کی غرض سے وینیو پر پہنچنے کے لیے ان تمام کھلاڑیوں کو اپنے اوریجنل شناختی کارڈیا ب فارم سمیت جمع کروائے گئے اپنے رجسٹریشن فارم کی پرنٹ شدہ کاپیز اپنے ہمراہ لانا ہوں گی۔تمام وینیوز پر ٹرائلز صبح 9 سے شام 6 بجے تک جاری رہیں گے۔تمام امیدواروں کو صبح 8 بجے تک سفید کٹ میں وینیو پر پہنچنا ہوگا۔یکم ستمبر 2002 کے بعد اور یکم ستمبر 2006 سے قبل پیدا ہونے والے نوجوان کھلاڑیوں کو ہی ان سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی انڈر 19ٹیم کی تشکیل کے لئے منعقدہ ٹرائلز میں شرکت کے لیے رجسٹر کیا گیا تھا۔ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر ٹیموں کو دو مختلف ٹورنامنٹس 2 روزہ اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ، جبکہ انڈر 19 ٹیموں کو50 اوورز پر مشتمل فارمیٹ کے ایک ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔ان ٹورنامنٹس میں عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیموں میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔