پی ایس ایل ،ٹاس کی وجہ سے شکست کے تاثر کو تبدیل کرنا ہوگا،اینڈی فلاور

168

کراچی(سید وزیر علی قادری)پی ایس ایل 6 کے دوبارہ میچز کا آغاز ہوگیا،آج2 مقابلے شیڈول ہیں، دفاعی چمپئن کراچی کنگز کا ملتان سلطانز سے جبکہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہونگی۔شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں کرکٹ کی رونقیں دوبالا، چھکے چوکے اور وکٹوں کی بہار آ گئی، کرکٹ دیوانے خوشی سے سرشار ہیں۔ آج 2 میچ شیڈول ہیں، پاکستانی وقت کے مطابق شام 6بجے ٹیمیں میدان میں اتریں گی، سخت گرمی میں سخت مقابلے کا امکان ہے۔کنگز کو چمپئن ہونے کا مان ہے تو بابر اعظم اور شرجیل خان بھی ٹیم کی جان ہیں۔ محمد عامر اور کپتان عماد وسیم بولنگ میں ٹف ٹائم دینے کو تیار ہیں۔ دوسری جانب ملتان سلطانز کھلاڑی بھی فاتحانہ انٹری ڈالنے کے لیے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔ محمد رضوان، سلطانز کے کپتان، رائیلی روسو اور صہیب مقصود اسکواڈ کی شان ہیں۔ انجری کا شکار شاہد آفریدی کی کمی کے باوجود کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ بلند ہے۔ دوسرا میچ رات 11بجے شروع ہو گا، لاہور قلندرز کا مسلسل دوسرے میچ میں امتحان ہے۔ زندہ دلان کے شہر کی ٹیم میں پروفیسر اور فخر زمان پرفارمنس دکھائیں گے جبکہ شاہین آفریدی اور راشد خان بولنگ میں کچھ کر دکھانے کو بے تاب ہیں۔پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض سنبھالیں گے، کامران اکمل، شعیب ملک اور حیدر علی بیٹنگ کے ماہر ہیں تو بولنگ میں ثاقب محمود اور محمد عرفان اِن ایکشن ہوں گے۔ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلار نے کہا ہے کہ آفریدی کے نہ ہونے سے ٹیم کو فرق پڑیگا، کوئی بھی چیز مستقل نہیں رہتی، کھلاڑیوں کے متبادل آجاتے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹاس کی وجہ سے شکست کے تاثر کو تبدیل کرنا ہو گا۔ ٹاس ہار کر جیت کا سلسلہ شروع کریںگے۔ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلار نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ مشکل تھا، ہم نے ایک نیا سلسلہ شروع کیا ہے، تمام کھلاڑی نئے ہیں اور محنت کررہے ہیں، پی سی بی نے بہت اچھا کام کیا کہ اتنے کم عرصے میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کروایا، میں نے ٹیم کو یہی کہا ہوا کہ ٹاس کے بارے میں نہیں سوچنا۔انہوں نے کہا کہ ٹاس کی وجہ سے ہار، جیت کے ہدف کو تبدیل نہیں کرنا چاہیے، پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں ہم نے بیٹنگ اچھی کی، رضوان بہت اچھا کھیل رہا ہے، وہ نیچرل ٹی ٹوئنٹی پلئیر نہیں، انہوں نے محنت اور بہادری کے ساتھ کھیلا۔اینڈی فلاور نے کہا کہ ڈیو کے دوران بولنگ کرانا بولرز کے لیے چیلنج ہوگا، شاہد آفریدی ٹیم مین ہے، مجھے وہ بہت پسند ہیں، آفریدی کے نہ ہونے سے ٹیم کو فرق تو پڑیگا، کوئی بھی چیز مستقل نہیں رہتی، کھلاڑیوں کے متبادل آجاتے ہیں، فخر ہے کہ ملتان سلطانز کا حصہ ہیں، پی ایس ایل ہائی کوالٹی کمپٹیشن ہے، مجھے اچھا لگتا ہے کہ میں رضوان کے ساتھ ٹیم کو لیڈ کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کا پہلا نمبر ہے۔ پشاورزلمی دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے ،لاہور قلندرز چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔