انٹرنیشنل فرینڈلیز میچ ،فرانس نے بلغاریہ کوہرادیا

86

میڈرڈ (جسارت نیوز)بین الاقوامی دوستانہ فٹ بال مقابلوں میں ورلڈ چیمپئن فرانس نے بلغاریہ، اسپین نے لتھوانیا اور جمہوریہ چیک نے البانیہ کو ہرا دیا۔ ہنگری اور آئرلینڈ کا میچ برابر رہا۔ تفصیلات کے مطابق فرانس سٹیڈیم، سینٹ ڈینس میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے بلغاریہ کو بآسانی 0-3 سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے اولیویر گیروڈ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور2 گول اسکور کیے جبکہ انٹونی گریزمین نے ایک گول کیا۔ بتارک لیگنس، میڈرڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے لتھوانیا کے خلاف 4-0سے کامیابی حاصل کی۔ اسپین کی جانب سے ہیوگو گیلامین، براہیم دیاز، جوان مرنڈا اور زیویئر پیوڈو نے ایک، ایک گول کیا۔ جینرلی ارینا پراگ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان جمہوریہ چیک نے البانیہ کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے ہرایا۔ پرنس عبداللہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مراکش نے گھانا کو سخت مقابلے کے بعد 1-0سے شکست دی جبکہ لیٹ ڈائر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سینیگال نے کیپ ورڈی کے خلاف2-0سے کامیابی حاصل کی۔ ہنگری اور آئرلینڈ کے درمیان فرینک سوزا سٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔