کورونا وائرس کی وبا کے دوران لاکھوں خواتین بے روزگار ہوئیں،عامر احمد علی

369
چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کا اسلام ویمن چیمبر کے وفد کے ساتھ گروپ

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)سی ڈی اے کے چیئر مین عامر احمد علی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے خواتین کو با اختیار بنانے کے وژن کے تحت ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ تجارت پیشہ خواتین کی اکثریت خدمات کے شعبہ سے وابستہ ہے اور وباء کے دوران ان کے کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں جن سے ان کی مشکلات میں بہت اضافہ ہوا ہے جس کا ہمیں ادراک ہے۔ سی ڈی اے کے چیئرمین عامر احمد علی نے یہ بات اسلام ویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل کی قیادت میں آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ لاکھوں نوکر پیشہ خواتین بے روزگار ہو چکی ہیں، لاکھوں بچیوں نے تعلیم چھوڑ دی ہے اور کروڑوں پر بوجھ بڑھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں 74 کروڑ خواتین غیر رجسٹرڈ شعبوں سے منسلک ہیں جن کی آمدنی میں ستر فیصد تک کمی آ چکی ہے۔دنیا میں بڑھتی ہوئی غربت کی وجہ سے لڑکیوں کی تعلیم کے سلسلہ میں گزشتہ بیس سال میں جو پیش رفت ہوئی تھی وہ ضائع ہو گئی ہے، بیماریوں میں اضافہ اور حاملہ خواتین کی شرح اموات بڑھ رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے ویمن چیمبر کو دفتر اور ڈسپلے سینٹر کے لیے جگہ دی جائے گی ، انھیں ایف نائن پارک میں نمائشیں منعقد کرنے کی اجازت دی جائے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکیں۔