آرمی چیف سے چینی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

248
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر نونگ رونگ ملاقات کررہے ہیں

راولپنڈی(اے پی پی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے بدھ کو ملاقات کی۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک پر پیش رفت اور افغان امن عمل سمیت علاقائی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا کی وبا سے نمٹنے اور پاکستان کو ویکسینز کی فراہمی کے حوالے سے چین کی معاونت پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اپنے آہنی بھائی چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔ انہوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں شایان شان تقریب کے انعقاد پر ان کو مبارکباد دی۔چینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام بالخصوص افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں بری فوج کے سربراہ جنرل سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ارکان نے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران، پاکستان میں تجارتی اور صنعتی مراکز کی ترقی کے ساتھ علاقائی معاشی ماحول کے ارتقامیں ایف پی سی سی آئی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قمر باجوہ نے پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہا اور پاک فوج کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔