حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کو تباہ کردیا ہے، وزیر اعظم

370

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کو تباہ کردیا ہے،مافیاز کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھارہے ہیں،میرا پاکستان میں کوئی کاروبار نہیں۔

کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہایف آئی اے نے شوگرز مالکان کے خلاف جب انکوائری کی تو شوگر ملز والوں نے ایف آئی اے کو دھمکی دی کہ مزید تحقیقات کی گئیں تو چینی مہنگی کردیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آئے تو دیکھا چینی کی قیمت بڑھ رہی ہے،مافیا ٹیکس بھی نہیں دیتا اور کسانوں کو پوری قیمت بھی ادا نہیں کرتے، کسانوں کا کسی حال میں استحصال نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے بجلی کے مہنگے معاہدے کیے، بجلی کے مسئلے کا حل ڈھونڈرہے ہیں،زراعت کے شعبوں کو بھی سی پیک منصوبوں میں شامل کرلیا ہے،جب تک ملک میں انڈسٹریلائزیشن نہیں ہوگی نوکریاں پیدا نہیں ہونگی،ٹیوب ولیز پر کسانوں کو ریلیف دینے کا سوچ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کسانوں سے مسلسل ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، ہماری حکومت نے کسانوں کو وقت پر پیسے دیے۔