اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر کے مقابلے روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری

571

لاہور: ملک بھر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، امریکی ڈالر مہنگا ہونے کے باعث دوبارہ 155 روپے کی حد پار کر گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 69 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 154 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 155 روپے 31 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت دن رہا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس آج 90 پوائنٹس اضافے سے 48 ہزار 302 پر بند ہوا، کاروباری دن میں انڈیکس کی بلند ترین سطح 48 ہزار 302 رہی جو چار سالوں میں انڈیکس کی بلند ترین سطح ہے، بازار میں آج 93 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 27 ارب روپے سے زائد رہی۔ آج کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 35 ارب روپے بڑھ کر 8392 ارب روپے رہی۔