تعلیمی سرگرمیاں بحال: نویں سے بارویں تک اسکول کھل گئے

306

کراچی: سندھ سمیت ملک بھر میں نویں جماعت اور اس سے اوپر کی جماعتوں کےلیے تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں اور حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں صرف پہلی سے آٹھویں تک کلاسیں آج سے شروع  ہو رہی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا اور سندھ کی جامعات بھی آج سے کھلیں گی۔

حکام کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے صرف  نویں سے بارویں تک تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جبکہ گزشتہ روز سعید غنی کا کہنا تھا کہ تاحکم ثانی پہلی سے آٹھویں تک اسکول بند رہیں گے،  آن لائن کلاسین اگر ہورہی ہیں تو وہ جاری رہیں گی۔

 آج سے کراچی سمیت صوبے کے دوسرے شہروں میں نویں سےاوپر تک کی جماعتوں کے لیے تعلیمی ادارےکھل گئے ہیں اور طلبہ کے آنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بہت سے والدین  کو تشویش بھی ہے کہ کیا بچوں کو اسکول بھیجنا درست ہے کیا نہیں۔

اسکول میں ایس او پیز کے تحت طلبہ نے ماسک پہن کر رکھے ہیں ، ان کی آمد کے موقع پر درجہ حرارت چیک کیا جارہا ہے اور جراثیم کش اسپرے کے واک تھرو گیٹ سے گزارا جارہا ہے۔

اسلام آباد میں بھی پہلی سے بارہویں تک کی کلاسز کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، سرکاری اسکول اور کالج کے اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ 2 ہفتوں کے دوران کورونا ویکسین لگوالیں، ہدایت پر عمل نہ کرنے والے اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔