گورنر اسٹیٹ بینک کا سعودی عرب میں ویبینار اجلاس

353

گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے پاکستان قونصلیٹ جدہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری کے ساتھ گزشتہ دنوں ایک ویبینار اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کے سامنے ’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘‘ کے فوائد پر روشنی ڈالی اور مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ تقریب میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر، قونصل جنرل جدہ خالد مجید اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں ، سی ای او، بینکر ، مالیاتی ماہرین اور میڈیا کے نمائندوں نےشرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا باقر نے آر ڈی اے کی منفرد خصوصیات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کی ترسیلات زر کی سہولت دے کر مالی طور پر ملک سے جوڑتا ہے۔ شرکا کو بتایا گیا کہ تقریباً 150 ممالک کے ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ آر ڈی اے اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مہینوں میں 1.2 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات زر کی گئیں۔ اس موقع پر کانفرنس کے شرکا نے ملک کی معاشی ترقی کے لیے اپنی خواہشات کا اظہار کیا اور اپنا ہرممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پروگرام کا اختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا، جہاں اسٹیٹ بینک کے حکام نے آر ڈی اے کی سرمایہ کاری کے مواقع کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی جس میں اسلامی نیا پاکستانی سرٹیفکیٹس ، باہمی فنڈز اور اسٹاک کے حصص کی ملکیت شامل ہے۔ یہ ویب کانفرنس اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، سفارتخانہ پاکستان ریاض اور قونصل خانہ جنرل جدہ کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ ہوئی۔