دعوت کی تیاری

665

رحمتوں اور برکتوں کے مہینے ماہ رمضان کے بعد عید الفطر اﷲ تعالیٰ کی طرفسے تمام اہل ایمان والوں کے لیے ایک خوبصورت تحفہ ہے. دنیا بھر میں عیدالفطر جوش و خروش سے منائی جاتی ہے. لیکن پاکستان میں عید کے رنگ الگ ہی ہوتے ہیں، دعوتیں، ملنا جلنا، لڑکیوں بالیوں کی ہاتھوں میں مہندی، چوڑیاں اور شیرخرما ہماری عید کے لازمی جز ہیں. دعوت ویسے بھی برصغیر کی ثقافت کی اہم روایت ہے، مہمانوں کو اپنے گھر مدعو کرنا اور انکو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا آج بھی ہمارے معاشرے کی خوبصورت روایتوں میں سے ایک ہے. بہت سے خاندانوں میں عید کے بعد خاندان کی دعوت کی روایت ہوتی ہے اور اس کے علاوہ بھی مہمانوں کی آمد ہوتی ہے دعوتوں کے بہتر انتظام کےلئے آج ہم آپ کو کچھ نکات بتاتے ہیں ۔
مہمانوں کی فہرست، تاریخ اور وقت:
اگر آپکے گھر میں عید کی دعوت کی روایت ہے تو سب سے پہلے تاریخ، دن، جگہ، وقت اور مہمانوں کی مکمل فہرست بنا لیں. اس سے آپ کو کھانے کی کوانٹٹی، برتنوں کی تعداد اور مہمانوں کے بیٹھنے وغیرہ کے انتظامات میں مدد ملے گی. اس کے بعد تین یا چار روز پہلےمہمانوں کی فہرست کے مطابق تمام مہمانوں کو مدعو کر لیں۔
مینو: مہمانوں کی فہرست لکھنے کے بعد دعوت کا مینو طے کر لیں. اپنی فہرست میں ہر چیز لکھ لیں. جیسے آج کل گرمی کا موسم ہے تو سب سے پہلے تازہ پھلوں کے جوس سے مہمانوں کی تواضع کا آغاز کریں. مین کورس سے لیکر چٹنی، سلاد، رائتہ، کولڈ رنک، روٹی اور میٹھا ہر چیز لکھ لیں۔
مینو خوب اطمینان اور تسلی سے مہمانوں کی پسند ناپسند، بجٹ اور موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں۔
سامان کی فہرست :ضرورت کےسامان کی مکمل فہرست بنا لیں جو چیزیں گھر میں موجود ہیں انکو بھی ایک نظر دیکھ لیں. پھر بازار سے لانے والے سامان کو لکھ لیں. ساری گروسری لازمی دو سے تین دن پہلے کر لیں
عید سے ایک روز قبل ہی برتنوں کی سیٹنگ کر لیں۔ کونسے اور کتنے برتن چاہیے ہونگے سب نکال کر رکھ لیں . چمچ کانٹے سب نکال کر دھو کر خشک کر لیں. اس سے آپ عین وقت پر ہونے والی افراتفری سے بچ جائینگی۔
جو چیزیں پہلے سے تیار ہو سکتی ہیں وہ تیار کر لیں. گوشت میں مصالحے لگا کر رکھ دیں. چٹنی تیار کر لیں. قورمہ وغیرہ بھی اگر تیار کر نا ہے تو تیار کر کے رکھ دیں. کوفتہ، شامی کباب، رول اور سموسے بھی پہلے سے بنا کر فریز کر سکتی ہیں۔
دعوت کے دن :سب سے پہلے کھانا پکانے کا کام مکمل کر لیں کوشش کریں کہ دعوت کا کھانا دو سے تین گھنٹے پہلے مکمل ہو۔
میٹھا سب سے پہلے بنا کر رکھ دیں۔
بس فرائی کرنے والی چیزیں باقی ہوں۔
اب صفائی کے بعد چادریں اور تولیہ وغیرہ بھی تبدیل کر لیں۔ پہنے جانے والے تمام کپڑوں پر استری تین یا چار دن پہلے ہی کر کے رکھ لیں اسکی وجہ سے آپ بہت آسانی محسوس کریں گی
اب نہا دھو کر خود بھی تیار ہو جائیں۔
دعوت سے پہلے تھوڑا آرام ضرور کریں اس سے آپ تازہ دم رہیں گی۔
برتن وغیرہ چھوٹی میز پر پہلے ہی ترتیب سے رکھ دیں پانی کا جگ اور گلاس بھی رکھ دیں۔
اب آپ کے سارے کام مکمل ہیں. درود شریف پڑھتی رہیں۔
مہمانوں کا استقبال مسکراہٹ کے ساتھ کریں کیونکہ مسکراہٹ بہترین صدقہ ہے اور اس سے مہمانوں پر اچھاتاثر قائم ہوتا ہے۔
کھانا خلوص اور محبت سے پیش کریں اس سے آپ کے کھانے کی لذت اور ذائقہ میں دوگنا اضافہ ہو جائے گا۔