اسرائیل اندر سے ٹوٹ رہا ہے ، وزیر دفاع کا انکشاف

323
غزہ: یورپی یونین کے نمایندے حالیہ اسرائیلی جارحیت میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے پر پریس کانفرنس کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس نے کہا ہے کہ اسرائیل اپنے دشمنوں کے خلاف مضبوط اور طاقت ور ہے، مگر اندر سے کمزور، ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور زخم رسیدہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا چیلنج اس بات کی پریشانی ہے کہ جس منزل کے حصول کے لیے ہم نے جانوں کی قربانی دی، وہ ہمارے ہاتھ سے نکل نہ جائے۔ اسرائیلی وزیر دفاع ن وکلا کی ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ افسوس کے ساتھ ہمیں یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ یہ حقیقی انتباہ ہے۔ کسی کمزوری کا مظاہرہ کیے بغیر ہمیں اپنے دشمنوں کے خلاف اپنی سلامتی کو مضبوط رکھنا ہوگا۔ اسرائیلی وزیرد فاع نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے منتخب ارکان جمہوری تحریکوں کے باعث خطرات میں گھر گئے، مگر ہم نے رابین کیقتل سے سبق نہیں سیکھا۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل داخلی سطح پر سیاسی بے چینی کا شکار ہے۔ نیتن یاھو کی حکومت سازی میں ناکامی کے بعد سیاسی حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔ اب اہم ذمے داری یائیر لبید پر عائد ہوتی ہے۔ ان کی حکومت سازی کی کوشش مثبت ہے، مگر وہ نفتالی بینت کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی حکام نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے قریب نعلین اور دیر قدیس کے مقامات پر فلسطینیوں کے 10 مکانات کو غیرقانونی قرار دے کر مسمار کرنے کا حکم دے دیا۔ نعلین کی دیہی کونسل کے چیئرمین عماد الخواجہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے نعلین اور دیر قدیس میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور 10 مکانوں کو غیرقانونی قرار دے کر مسمار کرنے کے نوٹس جاری کردیے۔ الخواجہ کا کہنا تھا کہ جن فلسطینیوں کو مکانات خالی کرنے کے بعد مسمار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ان کے پاس فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ تعمیرات کے اجازت نامے موجود ہیں۔ الخواجہ کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں مکانات کی مسماری کے احکامات دیے گئے ہیں، وہاں قریب ہی یہودی کالونیاں واقع ہیں۔ اسرائیلی فوج یہودی کالونیوں کے قریب رہایش پذیر فلسطینیوں کو ان غاصب آباد کاروں کے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔ اس علاقے کے فلسطینی باشندوں کو کاشت کار اور کھیتی باڑی سے پہلے ہی روک دیا گیا ہے۔ادھر صہیونی فوجیوں نے منگل کے روز صبح سویرے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں ۔ قابض فوج نے رام اللہ کے مغرب میں بیت ریما قصبے پر چھاپامارا اور علی البرغوثی اور جاداللہ البرغوثی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اس کے علاوہ یوسف علان نامی شہری کو رام اللہ کے مغرب میں بیت آر قصبے سے گرفتار کیا گیا تھا۔قابض صہیونی فوجیوں نے رام اللہ کے مغرب میں بیت سیرا قصبے پر ہلہ بولا اور 5نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔