الزامات لگا کر آئی ایس آئی کو ففتھ جنریشن وار کا نشانہ بنایا جارہاہے، فواد

356

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے  اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الزامات کا تسلسل ظاہر کرتاہے کہ سازش کے تحت آئی ایس آئی کو ففتھ جنریشن وار کا نشانہ بنایا جارہاہے، آئی ایس آئی نے اسد طور پر مبینہ تشدد سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج آئی ایس آئی سے رابطہ ہوا تھا، جس میں آئی ایس آئی نے کہا کہ اسد طور پر مبینہ تشدد کی فوٹیج میں ملزمان کی شکلیں واضح ہیں، تفتیش آگے بڑھنی چاہیے، وزارت اطلاعت اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس سے رابطے میں ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جلد اصل کردار بے نقاب ہونگے،ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیے،آئی ایس آئی اس سلسلے میں تفتیشی اداروں سے مکمل تعاون کرے گی،امید ہے کہ ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بغیر ثبوت اداروں پر الزامات کی روش ختم ہونی چاہیے،منفی روایات ملکی اداروں کے خلاف سازش کا حصہ ہیں۔