غزہ کی جنگ کے بعد موساد کا سربراہ تبدیل

295

تل ابیب: 56 سالہ ڈیوڈ بارنیا اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے نئے سربراہ نامزد ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ، 56 سالہ ڈیوڈ بارنیہ جو کہ اس وقت موساد کے نائب ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، اگلے ماہ کے اوائل میں جوزف کوہن کی جگہ لیں گے۔

کوہن موساد کے سربراہ کی حیثیت سے پانچ سال گزارنے کے بعد سبکدوش ہورہے ہیں ، اس دوران انہوں نے اسرائیل اور عرب ممالک کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا جس میں امارات، بحرین وغیرہ شامل ہیں، عرب ممالک کے علاوہ، سوڈان ، مراکش اور کوسوو نے بھی کوہن کے ہی دور میں اسرائیل کو تسلیم کیا ہے۔

بارنیہ 1996 میں موساد میں بطور کیس آفیسر کے آئے تھے جس کے بعد سن 2013 میں موساد کے نائب ڈائریکٹر عہدے پر فائز ہوئے۔

اسرائیلی خبررساں ایجنسی ہاریٹز کے مطابق بارنیہ موساد کے سربراہ نامزد ہونے سے پہلے اسرائیل کے اولین اہداف، ایران اور حزب اللہ کے خلاف کارندوں کو بھرتی کے لئے ذمہ دار تھے.