بھارت: ایک گھوڑے کے جنازے میں سینکڑوں افراد کی شرکت

471

نئی دہلی:  سینکڑوں لوگوں نے کرناٹک کے بیلگاوی ضلع میں ایک مقامی مذہبی تنظیم سے منسلک گھوڑے کے جنازے میں شرکت کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب بھارتیوں نے کویوڈ 19 ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک گھوڑے کے جنازے میں شرکت کی۔

اس بڑے اجتماع نے ضلعی عہدیداروں کو گاؤں کو عارضی طور پر سیل کرنے اور کورونا کے نئے کیسز کی جانچ پڑتال کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ واقعے کے سلسلے میں ایک مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

بھارتی شہریوں نے بیلگاوی کے علاقے مارادیمتھ میں گھوڑے کی آخری رسومات میں حصہ لیا۔ اجتماع میں لوگوں کو کندھے سے کندھا ملا کر دیکھا جاسکتا تھا جبکہ چہروں پر فیس ماسک بھی نہیں تھے۔

مارادیمتھ علاقے میں ایک مقامی مذہبی تنظیم سے منسلک گھوڑے کی اتوار کی صبح موت ہوگئی تھی جس کے بعد گاؤں کے لوگوں نے جنازے کا جلوس نکالا اور اس گھوڑے کا آخری رسومات ادا کیں۔

واقعے کے بعد گاؤں کو سیل کردیا گیا ہے اور ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ بیلگاوی کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ، لکشمن نمبرگی نے این ڈی ٹی وی کو بتایا ، “یہ گاؤں اگلے 14 دن تک سیل رہے گا۔ کسی کو بھی اندر آنے یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔”