وزیر اعظم کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

501

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے شرکاء کا استقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اورچیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیردفاع پرویز خٹک، وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر خزانہ، وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری اور مشیر قومی سلامتی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کو ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز کے خلاف آئی ایس آئی کی صلاحیتوں کو سراہا۔

آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس بھی ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، اعلی عسکری حکام اور وزارت خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغان امن عمل میں پاکستان کے کردارپرتفصیلی بات چیت ہوئی۔ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اورملکی سلامتی سے متعلق امورپربھی تفصیلی غور کیا گیا۔