پاکستان میں تیار ویکسین ’پاک ویک‘ رواں ہفتے دستیاب ہوگی

914

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں تیار شدہ کورونا ویکسین ’پاک ویک‘ استعمال کے لیے رواں ہفتے دستیاب ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاک ویک کورونا ویکسین ملک میں رواں ہفتے استعمال کے لیے دستیاب ہوگی، ذرائع کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ وزارت صحت نے این سی او سی کو کورونا ویکسین سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین پاک ویک کے نام سے دستیاب ہوگی، قومی ادارہ صحت میں تیار شدہ کورونا ویکسین کی پیکنگ جاری ہے، یہ ویکسین پاکستان اور کین سائینو ملٹی نیشنل کمپنی کی مشترکہ کاوش ہے۔

این آئی ایچ ذرائع کے مطابق پہلے فیز میں پاک ویک کی 1 لاکھ ڈوز تیار کی گئی ہیں، جب کہ این آئی ایچ کی کورونا ویکسین کی ماہانہ پیدواری صلاحیت 3 ملین ڈوز ہے، یہ ویکسین چینی ٹیم کی زیر نگرانی پاکستانی ماہرین نے تیار کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ویکسین کے لیے خام مال چینی کمپنی نے فراہم کیا ہے، جب کہ کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ پاکستانی ماہرین تیار کریں گے۔

این آئی ایچ کوالٹی کنٹرول ڈویژن میں ویکسین کے ٹرائلز کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں جن کے ابتدائی نتائج میں کورونا ویکسین محفوظ اور مؤثر پائی گئی ہے۔

پاک ویک کورونا ویکسین کے استعمال کی حتمی منظوری ڈریپ کنٹرول لیب دے گی، این آئی ایچ نے ڈریپ سے اجازت نامے کے لیے درخواست بھی تیار کر لی ہے، جسے 48 گھنٹوں میں جمع کرانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کنٹرول لیب فار بائیولوجیکل ڈریپ ویکسین کی جانچ کرے گی، ڈریپ سے منظوری ملنے پر کورونا ویکسین ملک میں استعمال ہو سکے گی۔