امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، اسٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں، شاہ محمود

216

نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں جبکہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے دوطرفہ اور علاقائی پہلوؤں سے مشترکہ مفادات کے فروغ کا باعث ہوگی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امریکی ایوان نمائندگان کی ایشیا کمیٹی کی قیادت سے نیویارک میں بذریعہ ویڈیو لنک ملاقات ہوئی اور اراکین کانگریس ایمی بیرا اور سٹیون شابٹ نے حالات سے آگاہی دینے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

کانگریس اراکین نے علاقائی امن اور سلامتی کے لئے پاکستان کی گراں قدر کاوشوں کو سراہا جبکہ اراکین کانگریس نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے قیام میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا ہے۔

وزیر خارجہ نے علاقائی روابط کے فروغ کے لئے دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے جبکہ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کے خواہاں ہیں، یہ شراکت داری دونوں ممالک کے دوطرفہ اور علاقائی پہلوؤں سے مشترکہ مفادات کے فروغ کا باعث ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن، تمام افغان فریقین اور کلیدی عالمی سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے جبکہ  ویڈیو لنک پر وزیرخارجہ نے افغانستان کے پرامن، سیاسی تصفیہ کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔