فلسطین میں روزانہ انسانی المیہ جنم لے رہے ہیں،جماعت اسلامی خواتین

193

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی ) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری بشریٰ صادقہ،پنجاب کی نائب ناظمہ فوزیہ محبوب نے فلسطین کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیہ جنم لے رہے ہیں، گونگی بہری تماشائی بنی عالمی برادری کو اس ظلم و بربریت کی قیمت چکانی ہوگی، مسلم حکمرانوں نے بیت المقدس کی پکار پر لبیک نہ کہا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ قبلہ اوّل سے بے وفائی انہیں بہت مہنگی پڑے گی۔ اپنے ایک بیان میں خواتین رہنمائوںکاکہنا تھا کہ امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو جانا چاہیے، مسلم حکمران کو بیانات اور ٹوئٹ سے آگے بڑھنا ہو گا، مسلم ممالک غزہ کے شہریوں کی جان و مال عزت اور آبرو کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اسلامیانِ پاکستان کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ہے، سراج الحق کی اپیل پرآج بروز جمعہ 21 مئی کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوںگے۔ انہوں نے اپیل کی کہ قوم فلسطینوں کے حق کے لیے ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے اپنے ایمانی غیرت کا ثبوت دے۔