مسلم حکمرانوں کو قبلہ اول سے بے وفائی مہنگی پڑیگی

114

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ صابرنے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں نے قبل اوّل بیت المقدس کی پکار پر لبیک نہ کہا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ قبلہ اوّل سے بے وفائی انہیں بہت مہنگی پڑے گی۔ اپنے ایک بیان میں شعیب اعظم سلیمی نے کہاکہ عالم اسلام کے عوام اور پوری امت مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، مسلم حکمران کو بیانات اور ٹوئٹ سے آگے بڑھنا ہو گا، مسلم ممالک کو غزہ کے شہریوں کی جان و مال عزت اور آبرو کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ جماعت اسلامی نے اسلامیانِ پاکستان کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت اور درندگی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے،اسلامی جمعیت طلبہ کے ہزاروں طلبہ آج بروزجمعہ 21 مئی کو ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ قوم فلسطینیوں کے حق کے لیے ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے اپنی ایمانی غیرت کا ثبوت دے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیے جنم لے رہے ہیں، گونگی بہری تماشائی بنی عالمی برادری کو اس ظلم و درندگی کی قیمت چکانی ہوگی۔